خواجہ سعد رفیق کے حلقے کی تحقیقات، عمران خان پھنس گئے: ن لیگ

Last Updated On 06 August,2018 09:41 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ن لیگ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی بھی دھاندلی والے حلقوں میں ثبوت اکھٹے کرے اور عدالتی کارروائی کی طرف بڑھے کیونکہ خواجہ سعد رفیق کے حلقے کی تحقیقات میں عمران خان پھنس گئے ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ ن کے وفود کی غیر رسمی ملاقات ہوئی جس میں ن لیگ کی جانب سے پارٹی صدر شہباز شریف، خواجہ آصف اور شاہد خاقان عباسی جبکہ پیپلز پارٹی کے وفد میں خورشید احمد شاہ اور راجا پرویز اشرف شریک ہوئے۔

مسلم لیگ ن اور پی پی پی کے وفود کے درمیان ملاقات سپیکر ہاؤس میں ہوئی جس میں وزیرِاعظم، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے عہدوں پر الیکشن کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں سابق وزیرِ قانون زاہد حامد کی سربراہی میں بنائی گئی کمیٹی اور ٹاسک پر مشاورت کی گئی۔

شہباز شریف اور خواجہ آصف نے اجلاس کو اڑتیس حلقوں سے جمع کئے گئے ثبوتوں کی روشنی میں عدالت جانے کی حکمت عملی سے آگاہ کیا۔ لیگی قائدین کا کہنا تھا کہ پی پی پی بھی دھاندلی والے حلقوں میں ثبوت اکھٹے کرے اور عدالتی کارروائی کی طرف بڑھے کیونکہ خواجہ سعد رفیق کے حلقے کی تحقیقات میں عمران خان پھنس گئے ہیں۔