اسلام آباد: (دنیا نیوز) دو ارکان قومی اسمبلی اور چھ ارکان پنجاب اسمبلی نے کھلاڑی بننے کا اعلان کر دیا، عمران خان سے ملاقات میں تحریکِ انصاف میں شمولیت اختیار کرلی۔
مرکز اور پنجاب میں حکومت سازی کے لئے آزاد ارکان پنجاب اسمبلی کی تحریکِ انصاف میں شمولیت کا سلسلہ جاری ہے۔ فیصل آباد کے حلقہ این اے 101 سے رکن قومی اسمبلی عاصم نذیر کپتان کے کھلاڑی بن گئے، انہوں نے عمران خان سے ملاقات کر کے تحریکِ انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔
ڈیرہ غازی خان میں کھوسہ فیملی کو شکست سے دوچار کرنے والے بھی کپتان کے قافلے میں شامل ہو گئے ہیں۔ آزاد رکن قومی اسمبلی امجد کھوسہ اور ایم پی اے محسن عطا کھوسہ بھی تحریکِ انصاف کے ہو گئے۔
ادھر چنیوٹ کے حلقہ پی پی 93 سے تیمور لالی، پی پی 124 جھنگ سے تیمور خان اور پی پی 277 سے علمدار قریشی نے بھی تحریکِ انصاف کا راستہ چُن لیا ہے۔ مظفر گڑھ سے سردار خُرم خان لغاری اور جھنگ سے مہر اسلم بھروانہ بھی پی ٹی آئی میں شامل ہو گئے ہیں۔