جسٹس شوکت عزیز صدیقی کے ساتھ بھی انصاف ہو گا، چیف جسٹس

Last Updated On 23 July,2018 05:30 pm

لاہور: (دنیا نیوز) چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا ہے کہ جب تک یہ طاقتور عدلیہ موجود ہے ملک پر اللہ کا فضل رہے گا، کسی سے نا انصافی نہیں کریں گے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج شوکت عزیز صدیقی کے خلاف نوٹس لینے سے متعلق درخواست پر سماعت کے دوران ریمارکس دیتے ہوئے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا ہے کہ جسٹس شوکت عزیز صدیقی کے ساتھ بھی انصاف ہو گا، کسی سے نا انصافی نہیں کریں گے۔

چیف جسٹس نے آئین سے عدالت کے اندر اپنا حلف پڑھ کر سنایا اور درخواست گزار کو تسلی دیتے ہوئے کہا کہ ملک کے خلاف کچھ نہیں ہو رہا، جب تک یہ طاقتور عدلیہ موجود ہے، ملک پر اللہ کا فضل رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں: جسٹس شوکت کے الزامات، پاک فوج کی سپریم کورٹ سے نوٹس کی اپیل

ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ اس معاملے پر پٹیشن دائر کرنا چاہتے ہیں تو کر لیں، اس معاملے پر پہلے ہی نوٹس لیا جا چکا ہے، میں اس معاملے پر ازخود نوٹس نہیں لے رہا۔

خیال رہے کہ چیف جسٹس ثاقب نثار نے گزشتہ روز کہا تھا کہ اسلام آباد کے ایک جج کا بیان پڑھا، بہت افسوس ہوا، اس طرح کے بیانات ناقابلِ فہم اور ناقابلِ قبول ہیں، ہم جائزہ لیں گے کیا قانونی کارروائی ہو سکتی ہے؟ قانونی کارروائی کریں گے اور حقائق قوم کے سامنے لائیں گے۔