سراج رئیسانی کی نماز جنازہ ادا، آبائی علاقے میں سپردخاک

Last Updated On 15 July,2018 12:50 pm

مستونگ: (دنیا نیوز) سانحہ مستونگ گہرا گھاؤ دے گیا، کوئٹہ کے موسیٰ سٹیڈیم میں سراج رئیسانی کی نماز جنازہ ادا، آرمی چیف کی شرکت، آبائی علاقے کانگ میں‌سپرد خاک کر دیا گیا.

سانحہ مستونگ میں شہید ہونے والے سراج رئیسانی کی نماز جنازہ کوئٹہ کے موسیٰ سٹیڈیم میں ادا کر دی گئی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، کمانڈر    سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ اور نگران وزیراعلیٰ علاؤالدین مری نے بھی  نماز جنازہ میں شرکت کی، جس کے بعد آبائی علاقے کانگ میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

نگران وزیراعظم ناصر الملک نے سانحہ مستونگ اور بنوں کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے 15جولائی کو ملک بھر میں ایک روزہ یوم سوگ کا اعلان کیا ہے۔ دوسری جانب حکومت بلوچستان نے 2 روزہ جبکہ بلوچستان عوامی پارٹی نے اپنے امیدوار نوابزادہ سراج رئیسانی کی شہادت پر 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔

خیال رہے کہ 13 جولائی کو مستونگ کے علاقے درین گڑھ میں بلوچستان عوامی پارٹی کی کارنر میٹنگ میں خودکش دھماکا ہوا تھا، دھماکا اس وقت کیا گیا جب پی بی 35 سے بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار اور سابق وزیراعلیٰ نواب اسلم رئیسانی کے بھائی سراج رئیسانی خطاب کیلیے آئے، دھماکے میں سراج رئیسانی سمیت سٹیج پر اور اردگرد موجود کئی کارکن موقع پر جاں بحق ہوئے۔ حملے میں 131 افراد شہید جبکہ 150 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

سانحہ مستونگ کے بعد شہر کی فضاء سوگوار ہے، دکانیں، بازار اور سرکاری دفاتر بند ہیں۔ دھماکے کے بیشتر زخمی مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔