کرپٹ افراد کو تحفظ دینے والے میثاق کا حصہ نہیں بنیں گے، شاہ محمود قریشی

Last Updated On 18 July,2018 06:46 pm

ملتان: (دنیا نیوز) تحریکِ انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کا نیا مُک مُکا شروع ہے جو مذاکرات کے ذریعے لوگوں سے مذاق کر رہے ہیں، کسی ایسے میثاق کا حصہ نہیں بنیں گے جس سے کرپٹ افراد کو تحفظ ملے۔

قاسم باغ سٹیڈیم ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سندھ تحریکِ انصاف کے لئے تیار ہے لیکن سندھ پی ٹٰی آئی کی قیادت کو اندازہ نہیں کہ وہاں کا ماحول زرداری کیخلاف کتنے غم وغصے میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے بھٹو کے فلسفے کو دفن کیا اور بینظیر بھٹو کے قریبی ساتھیوں کو چُن ُچن کر نکالا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے مریم نواز کی خلائی مخلوق کہنے والی سوشل میڈیا ٹیم کو فارغ کر دیا اور نواز شریف کے بیانیے کو بھی مسترد کر دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کی عوام نے ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو مسترد کر دیا ہے، عمران خان ملتان کے جلسے میں جنوبی پنجاب کے لوگوں کے لئے اہم اعلان کرینگے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے جو لوگ آزاد حیثیت میں الیکشن لڑ رہے ہیں وہ جیت بھی جائیں تو بھی انہیں قبول نہیں کرینگے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمت ن لیگ کی 5 سالہ ناکام معاشی پالیسی کا نتیجہ ہے، آئندہ حکومت کے لئے معیشت کی بحالی بڑا چیلنج ہو گا۔