فواد حسن فواد کے بعد اعزاز چودھری بھی نیب کے ریڈار پر

Last Updated On 11 July,2018 08:45 pm

لاہور: (دنیا نیوز) غیر قانونی طور پر 34 جرمن بلٹ پروف گاڑیوں کی خریداری سکینڈل، سابق وزیراعظم نواز شریف کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کے خلاف نیب نے مزید گھیرا تنگ کر دیا۔ سابق سیکرٹری خارجہ اعزاز چودھری بھی نیب کے شکنجے میں آگئے۔

2016 سارک سمٹ سے قبل غیر ملکی رہنماؤں کے نام پر 34 جرمن بلٹ پروف گاڑیوں کی خریداری کا سکینڈل، نیب نے تحقیقات کا دائرہ کار وسیع کر دیا۔ وزارت خارجہ سے اہم ریکارڈ بھی حاصل کر لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق وزارت خارجہ نے گاڑیوں کی خریداری سے متعلق 5 والیم نیب کو فراہم کیے ہیں۔ سابق سیکرٹری خارجہ اعزاز چودھری نے فواد حسن فواد کے ساتھ ملکر گاڑیوں کی خریداری کی۔

34 بلٹ پروف بی ایم ڈبلیو کسٹم فری جرمن سے منگوائی گئیں۔ فواد حسن فواد نے 20 بی ایم ڈبلیو گاڑیاں شریف خاندان کے پروٹوکول کیلئے استعمال کرنے کا حکم دیا۔ نیب نے گاڑیاں خریدنے کی منظوری اور فواد حسن فواد کی طرف سے بھجوائے گئے لیٹر کی کاپی حاصل کرلی ہے۔ یہ انکشاف بھی ہوا ہے کہ اعزاز چودھری نے بلٹ پروف گاڑیاں منگوانے کی سمری پر دستخط کیے تھے۔ اعزاز چودھری نے گاڑیاں منگوانے کیلئے بورڈ کی منظوری کے بغیر سمری بھجوائی۔

واضح رہے کہ جرمن سے آنے والی گاڑیاں کسی بھی غیر ملکی رہنماء کے زیر استعمال نہیں رہیں بلکہ شریف خاندان اور اعلیٰ افسران کے قریبی عزیزوں کے زیر استعمال رہیں۔