نگران وزیرِاعلیٰ پنجاب کا بارش سے متاثرہ علاقوں کا دورہ

Last Updated On 03 July,2018 06:22 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں 16 گھنٹے تک لگاتار ہونے والی موسلا دھار بارش کے بعد بالاخر نگران سرکار کو ہوش آ گیا، نگران وزیرِاعلیٰ پنجاب حسن عسکری نے بارش سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور انتظامیہ کو ضروری ہدایات کیں۔

لاہور میں 16 گھنٹے مسلسل بارش ہوئی لیکن نگران حکومت نگرانی کا فرض بھول بیٹھی۔ طوفانی بارش نے شہریوں کو شدید پریشان کیا، پانی گھروں میں داخل ہو گیا لیکن انتظامیہ کا کہیں نام ونشان نظر نہیں آیا۔

بارش تھمی تو نگران حکومت کو بھی شہریوں کی حالت دیکھنے کا خیال آیا۔ نگران وزیرِاعلیٰ پنجاب حسن عسکری بارش سے متاثرہ علاقوں میں پہنچے اور انتظامیہ کو مسئلے کے فوری حل کیلئے ہدایات دیں۔

نگران وزیرِاعلیٰ پنجاب حسن عسکری کا کہنا تھا کہ تیس سال پہلے اتنی بارش ہوئی تھی تاہم اب نکاسی آب کا کام تیزی سے جاری ہے، کام ہونے کی وجہ سے پانی اورنج لائن کے نیچے تک گیا، اگر کام نہ ہو رہا ہوتا تو شاید پانی نیچے کی طرف نہ جاتا۔

مال روڈ پر پڑنے والے گڑھے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحقیقات کیلئے انویسٹی گیشن کمیٹی بنادی ہے، کمیٹی کی رپورٹ آنے میں چند دن لگیں گے، اس کے بعد پتہ چلے گا گڑھا کیسے پڑا؟