تھائی لینڈ: غار میں پھنسے فٹبال ٹیم کے کھلاڑیوں کی تلاش جاری

Last Updated On 01 July,2018 10:02 pm

بینگ کاک: (دنیا نیوز) تھائی لینڈ کی غار میں پھنسے جونیئر فٹبال ٹیم کے کھلاڑیوں کی تلاش جاری، چینی، امریکی اور جاپانی ماہرین غار کے اندر گھسنے کی کوششوں میں مصروف، غار کا دہانہ بند ہوئے ایک ہفتہ گزر گیا۔

تھائی لینڈ میں جونیئر فٹبال ٹیم کے کھلاڑیوں کو غار میں پھنسے 8 دن گزر گئے لیکن حکام ابھی تک ان کی سلامتی کے لیے پر امید ہیں۔ ریسکیو آپریشن میں مدد کے لیے امریکہ، جاپان اور چین کے ماہرین بھی پہنچ گئے ہیں۔

تھائی حکام کا کہنا ہے کہ غوطہ خور زیر آب ایک غار میں گھسنے میں کامیاب تو ہوگئے ہیں تاہم ابھی تک گمشدہ لڑکوں کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔ یاد رہے کہ 23 جون کو 11 سے 16 سال کی عمر کے 12 لڑکے اور ان کا 25 سالہ کوچ سیر و تفریح کی غرض سے ایک غار میں گھسے تھے جس کا دہانہ بارش کے پانی کے باعث بند ہوگیا تھا۔