آصف زرداری، عمران خان کی کلثوم نواز کی جلد صحت یابی کیلئے دعا

Last Updated On 15 June,2018 01:20 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) لندن میں زیر علاج بیگم کلثوم نواز کے لئے سابق صدر آصف زرداری، عمران خان، خورشید شاہ سمیت سیاسی رہنماؤں نے جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہماری دعائیں بیگم کلثوم نواز کے ساتھ ہیں ، اللہ تعالی انہیں شفائے کاملہ عطا فرمائے۔

سابق صدر آصف زرداری کا کہنا تھا پیپلزپارٹی بیگم کلثوم نواز کی صحتیابی کیلئے دعا گو ہے، اللہ تعالیٰ بیگم کلثوم نواز کو صحت اور زندگی عطا فرمائے۔ مولا بخش چنڈیو نے کہا بیگم کلثوم نواز کی جلد صحتیابی کے لئے دعاگو ہیں، اللہ بیگم کلثوم نواز کو جلد صحتیاب کرے، دعا ہے کہ بیگم کلثوم نواز صحتیاب ہوکر وطن واپس آئیں۔

چوہدری برادران کا کہنا تھا اللہ تعالیٰ سے بیگم نواز شریف کی جلد صحت یابی کیلئے دُعا گو ہیں۔ دعا ہے بیگم کلثو م نواز تندرست و توانا ہو کر پاکستان واپس آئیں۔ انہوں نے کہا دعا گو ہیں کہ وہ صحت یاب ہوکر اپنے خاندان کے ساتھ زندگی بسر کریں۔

لیگی رہنما سردار ایاز صادق کی بیگم کلثوم نواز کی جلد صحت یابی کے لیے دعا، انہوں نے کہا اللہ پاک سے دعا ہے کہ ماہ رمضان کےصدقے بیگم کلثوم نواز کوصحت کاملہ عطاء فرمائے، کلثوم نواز شریف خاندان اور مسلم لیگ ن کا قیمتی اثاثہ ہیں۔

یاد رہے گزشتہ روز کلثوم نواز دل کی تکلیف کے باعث آئی سی یو میں گر پڑیں، انہیں دل کا دورہ بھی پڑا، بعد ازاں انہیں مصنوعی تنفس پر منتقل کر دیا گیا اور وہ وینٹی لیٹر پر ہی ہیں اور انہیں ہوش نہیں آیا۔