پنجاب، سندھ کے مختلف اضلاع میں موسلادھار بارش

Last Updated On 10 June,2018 09:51 am

لاہور (دنیا نیوز ) موسم کی مہربانیاں آج بھی جاری رہیں گی، اسلام آباد، لاہور، گوجرانوالہ، سرگودھا، ساہیوال، ملتان، ڈی جی خان میں آج بادل برسنے کی پیشگوئی ہے، گذشتہ روز بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آسمانی بجلی نے تباہی مچائی۔ ژوب اور ڈیرہ بگٹی میں بچوں سمیت تین افراد جاں بحق، چھ زخمی ہوگئے۔

پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی تیز بارش ہوئی، آج بھی کئی شہروں میں بادل برسنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ موسم کی خبر دینے والوں کا کہنا ہے اسلام آباد، لاہور، گوجرانوالہ، سرگودھا، ساہیوال، ملتان اور ڈی جی خان میں آج بھی تیز بارش کا امکان ہے۔ گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی بادل برسنے کی توقع ہے۔ گذشتہ روز بلوچستان، پنجاب اور سندھ کے کئی شہروں میں بارش سے جل تھل ایک ہوا۔

ژوب میں بارش کے بعد آسمانی بجلی آفت بن کر ٹوٹ پڑی، برنج پہاڑی میں دو بچے جاں بحق، خواتین سمیت پانچ افراد زخمی ہوگئے۔ ڈیرہ بگٹی کی تحصیل قادر آباد میں بھی آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، لیہ میں بھی آندھی اور بارش نے تباہی مچا دی، درخت، سائن بورڈ، کھمبے اور دیواریں گرنے کے کئی واقعات پیش آئے، چار بچوں، چودہ خواتین سمیت اڑتیس افراد زخمی ہوگئے۔ سکھر میں بھی آندھی سے درخت اور کھمبے اکھڑ گئے جس سے بجلی کا نظام متاثر ہوا۔