لیہ: (دنیا نیوز) لیہ میں طوفانی بارش نے تباہی مچا دی، آندھی کے باعث درخت، سائن بورڈ، بجلی کے کھمبے اور دیواریں گرنے سے تین بچوں اور 2 خواتین سمیت 14 افراد زخمی ہوگئے۔
لیہ سمیت ضلع بھر میں طوفانی بارش کے باعث تین بچوں اور دو خواتین سمیت چودہ افراد زخمی ہوئے۔ لیہ شہر میں ریلوے پھاٹک کے نزدیک پلازہ کی دیوار قریبی گھروں کی چھتوں پر جا گری، جس سے تین گھروں کی چھتیں زمین بوس ہو گئیں۔ چھتیں گرنے سے دو بچیوں سمیت تین افراد زخمی ہوئے۔ طوفان کے باعث پی ٹی سی ایل ایکسچینج کا ٹاور گر گیا، جس سے موبائل سروس متاثر ہوئی۔
لیہ میں ایک پیٹرول پمپ کی چھت بھی اڑ گئی، شدید ہوا کے باعث کئی مکانوں اور سرکاری عمارات کی دیواریں منہدم ہو گئیں۔ ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہسپتال پہنچایا جہاں انہیں طبی امداد دی گئی۔ طوفانی بارش کے باعث لیہ ضلع کے تمام فیڈر ٹرپ کرگئے۔ جس سے شہر اور دیہات اندھیرے میں ڈوبے رہے۔ شہر بھر کی دوکانوں اور بازاروں میں لگے سائن بورڈ ٹوٹ گئے۔ میونسپل انتظامیہ اور واپڈا اہلکاروں کی جانب سے نظام کی درستگی کیلئے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔