لاہور میں آندھی اور تیز بارش، مختلف حادثات میں 3 افراد جاں بحق

Last Updated On 06 June,2018 11:20 am

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں آندھی اور تیز بارش نے تباہی مچا دی، مختلف حادثات میں تین افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہوگئے۔ فیڈر ٹرپ کرنے سے شہر کے بیشتر علاقے تاریکی میں ڈوبے رہے۔

لاہور میں آندھی او ر تیز بارش نے جل تھل ایک کر دیا۔ گذشتہ روز ہونیوالی طوفانی بارش سے مختلف علاقوں میں چھتیں اور دیواریں گرنے کے واقعات پیش آئے جس میں 3 افراد جاں بحق اور 13زخمی ہوئے، مختلف علاقوں میں بجلی کی تاریں ٹوٹنے سے آتشزدگی کے واقعات میں لوگوں کا قیمتی گھریلو سامان جل گیا۔

درخت گرنے سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر نظر آئی۔ آندھی اور بادل برسنے سے شہر کے بیشتر فیڈر ٹرپ کر گئے اور کئی علاقے رات بھر تاریکی میں ڈوبے رہے۔ دوسری جانب تیز آندھی کے باعث مال بردار گاڑی ٹکرانے سے 2 طیاروں کو جزوی نقصان پہنچا۔

اسلام آباد سمیت کئی شہروں میں موسلا دھار بارش ہوئی جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ ملکہ کوہسار کا حسن بھی نکھر گیا، چھم چھم برستی بارش اور ژالہ باری نے وادی کے مناظرکو اور بھی حسین بنا دیا۔ سوات، مینگورہ، شانگلہ میں بھی بادل جم کر برسے اور ژالہ باری بھی ہوئی، میر پور، باغ سمیت آزاد کشمیر کے کئی علاقوں میں بھی بارش سے موسم سہانا ہوگیا۔