راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے فاٹا سے تعلق رکھنے والے یوتھ جرگے کے ارکان نے ملاقات کی۔ آرمی چیف نے فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام پر قبائلی جرگے کو مبارکباد دی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یوتھ جرگے سے ملاقات میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ فاٹا کے قومی دھارے میں شامل ہونے سے دہشتگردی سے متاثرہ علاقے میں امن و ترقی آئے گی۔ انضمام کو حقیقت کا روپ دینے میں نوجوانوں کا جذبہ قابل دید ہے۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ریاست نے دہشتگردی اور انتہاء پسندی کے مکمل خاتمے کا عزم کر رکھا ہے۔ اس عزم کی تکمیل میں نوجوانوں کا بڑا کردار ہے۔ نوجوان پرامن کوششیں جاری رکھیں۔ نوجوان سیاسی اور جمہوری کوششوں میں حصہ لیں۔ ہم نے خون کی بھاری قیمت دے کر امن حاصل کیا ہے۔
آرمی چیف آرمی چیف نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں نوجوانوں کی حمایت کو سراہا اور پاکستان کے مستقبل کے حوالے سے انکے جذبات کی تعریف کی۔
اس موقع پر یوتھ جرگے کے ارکان کا کہنا تھا کہ علاقے میں امن و ترقی کیلئے پاک فوج کے اقدامات کو تسلیم کرتے ہیں۔ فاٹا کو قومی دھارے میں لانے کیلئے آرمی چیف کی دلچسپی کے مشکور ہیں۔