آرمی چیف نے بلوچستان میں پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے کا افتتاح کر دیا

Last Updated On 08 May,2018 11:37 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے کے دوسرے مرحلے کا افتتاح کر دیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ باڑ لگانے سے سرحد پار دہشت گردوں کی نقل و حرکت روکی جا سکے گی۔ چند عناصر ملک میں انتشار پھیلانا چاہتے ہیں لیکن پاک فوج ملک کا دفاع کرے گی۔

آرمی چیف کا بلوچستان میں پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے کے دوسرے مرحلے کا افتتاح، قبائلی عمائدین اور مقامی افراد سے ملاقات، کوئٹہ میں نیسٹ یونیورسٹی کیمپس کا سنگِ بنیاد رکھا، پانچ سال سے زیرِ التوا کوئٹہ سیف سٹی منصوبے کا بھی افتتاح کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق تقریب سے خطاب میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ باڑ لگانے سے سرحد پر دہشت گردوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جا سکے گی۔ اب آمدورفت صرف کراسنگ پوائنٹس کے ذریعے سے ہی ہو گی۔ تعاون پر عمائدین اور مقامی افراد کے شکر گزار ہیں۔ پاک فوج تعلیم، صحت، پانی اور انفرا سٹریکچر کے منصوبوں میں صوبائی حکومت کی معاونت کرے گی۔

ذرائع کے مطابق یونیورسٹیز کے طلبہ سے ملاقات میں پاک فوج کے سپہ سالار نے کہا کہ پاکستان نے بحیثیت قوم دہشتگردی کو مسترد کر کے امن کی منزل حاصل کی۔ کچھ عناصر انارکی پھیلانے کیلئے نوجوانوں کے ذہن خراب کر رہے ہیں۔ ہمیں تنازعات اور نفرت کا پرچار کرنے والوں سے بچنا ہو گا۔