اسلام آباد: (دنیا نیوز) پشاور سے پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اسد گلزار پی ٹی آئی میں شامل ہوگئے، اسد گلزار نے پارٹی میں شمولیت کا اعلان عمران خان سے بنی گالا میں ملاقات کے بعد کیا۔
یہ خبر بھی پڑھیں:مختلف جماعتوں کے ارکان کی تحریک انصاف میں شمولیت
عمران خان سے ملاقات میں اسد گلزار نے پاکستان تحریک انصاف کے منشور اور قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ وہ کچھ ماہ قبل پی ٹی آئی چھوڑ کر پیپلز پارٹی میں شامل ہوئے تھے۔ اسد گلزار این اے 4 پشاور سے امیدوار برائے قومی اسمبلی ہیں۔ صوابی سے قومی وطن پارٹی کے ایم پی اے عبدالکریم خان نے بھی تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی۔
یاد رہے گزشتہ روز بھی حیدرآباد اور کراچی سے تعلق رکھنے والے ایم کیو ایم ، پیپلز پارٹی اور فنکشنل لیگ کے ارکان نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا، ان میں بعض یو سی ناظمین بھی شامل تھے۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما عمران اسماعیل، حلیم عادل شیخ، فردوس شمیم نقوی ، خان بہادر شر، بلال غفار، علی جونیجو، جے پرکاش اکرانی اور پی ٹی آئی کے دیگر رہنما بھی موجود تھے۔