ہارس ٹریڈنگ میں مبینہ ملوث اراکین اسمبلی گورنر ہاؤس پہنچ گئے

Last Updated On 03 May,2018 05:17 pm

پشاور: (دنیا نیوز) سینیٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ میں مبینہ طور پر ملوث اراکین اسمبلی گورنر ہاؤس پہنچ گئے اور ایک درخواست جمع کروائی جس میں کہا گیا ہے کہ وزیرِاعلیٰ کو اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کیلئے گورنر اپنا آئینی حق استعمال کریں۔

تفصیلات کے مطابق تحریکِ انصاف کے منحرف اراکین نے وزیرِاعلیٰ پرویز خٹک کو اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے پر مجبور کرنے کیلئے گورنر خیبر پختونخوا سے مدد مانگ لی ہے۔

اراکین اسمبلی یاسین خلیل، وجیہہ الزمان، قربان خان، عبدالحق، امجد افریدی، ضیاء اللہ افریدی، عبید مایار، جاوید نسیم اور نسیم حیست گورنر ہاؤس کے سامنے پہنچے اور علامتی دھرنا بھی دیا۔

اراکینِ اسمبلی کا کہنا تھا کہ وزیرِاعلیٰ خیبرپختونخوا اراکینِ اسمبلی میں اپنا اعتماد کھو چکے ہیں، لہٰذا گورنر اپنا آئینی حق استعمال کرتے ہوئے وزیرِاعلیٰ کو اعتماد کا ووٹ لینے کا کہیں۔ اراکین کی جانب سے گورنر کو دی جانے والی درخواست پر 13 ایم پی ایز کے دستخط موجود تھے۔