کراچی: (روزنامہ دنیا) تحریک انصاف کے مطابق حیدرآباد اورکراچی سے تعلق رکھنے والے ایم کیو ایم ، پیپلز پارٹی اور فنکشنل لیگ کے ارکان نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے ، ان میں بعض یو سی ناظمین بھی شامل ہیں۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما عمران اسماعیل، حلیم عادل شیخ، فردوس شمیم نقوی ، خان بہادر شر، بلال غفار، علی جونیجو، جے پرکاش اکرانی اور پی ٹی آئی کے دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے دعویٰ کیا کہ ان کی جماعت ملک کی سب سے بڑی پارٹی بن چکی ہے ۔ پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما عمران اسماعیل نے کہا نوازشریف نے طلال چوہدری ، عابد شیر علی اور رانا ثناء اﷲ جیسے غنڈے پال رکھے ہیں، جنہوں نے خواتین کے خلاف انتہائی غلیظ زبان استعمال کی۔ انہوں نے کہا نواز لیگ کے لوگ اب زبان درازی اور بدکلامی سے آگے بڑھ کر زدو کوب کرنے پر آ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم خواتین پر تشدد کرنے کی سخت مذمت کرتے ہیں۔
عمران اسماعیل نے پارٹی میں شامل ہونے والی تمام شخصیات کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کا منشور کرپشن سے پاک معاشرہ ہے ، کسی بھی چور لٹیرے یا کرپشن زدہ فرد کو پارٹی میں شامل نہیں کیا جائے گا۔ فردوش شمیم نقوی نے کہا کہ پی ٹی آئی میں شامل ہونے تمام افراد کو ویلکم کہتے ہیں جو چیئرمین عمران خان کے منشور سے متاثر ہو کر اس تحریک کا حصہ بنے ہیں اور پاکستان تحریک انصاف کے مشن کو آگے بڑھائیں گے اور ہمارے ساتھ مل کر جدوجہد کریں گے اور اس ملک کو کرپشن سے پاک کریں گے۔
پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرنے والوں میں حیدرآباد کے حق پرست ناظم کیو حاکم، ان کے صاحب زادے ارسلان حاکم، پکا قلعہ کے سابق نائب ناظم، فنکشنل لیگ کے ڈسٹرکٹ جنرل سیکریٹری اظہر شیخ، کراچی سے یوسی صفورا کے سابق ناظم پی پی پی رہنما کریم بخش گبول، ملیر کی معروف شخصیت سابق ٹاؤن ناظم گجرو کے چیئرمین کے صاحب زادے ابراہیم گبول کے چھوٹے بھائی رسول بخش گبول سمیت دیگر شامل ہیں۔