جسٹس اعجاز الاحسن کے گھر پر فائرنگ کا معاملہ، اہلکاروں کے بیانات قلمبند

Last Updated On 16 April,2018 03:42 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں جسٹس اعجاز الاحسن کے گھر پر فائرنگ کا معاملہ، جے آئی ٹی کی جانب سے مختلف پہلوؤں پر تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے، اراکین نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور سکیورٹی پر مامور اہلکاروں کے بیانات قلمبند کئے۔

ذرائع کے مطابق 5 رکنی جے آئی ٹی کے ممبران نے ماڈل ٹاؤن میں جائے وقوعہ کا دورہ کیا۔ سی سی ٹی وی فوٹیجز اور شواہد کی روشنی میں مختلف پہلوؤں سے جائزہ لیا جبکہ ڈیوٹی پر موجود سکیورٹی اہلکاروں کے بیانات بھی قلمبند کئے گئے۔

ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی کی جانب سے واقعہ کی ابتدائی رپورٹ آج پیش کرنے کا امکان ہے۔ واقعہ کی شفاف تحقیقات کے لئے گزشتہ روز 5 رکنی جے آئی ٹی تشکیل دی گئی تھی جس کے کنوینئر ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس محمد طاہر ہیں جبکہ دیگر ممبران میں ڈی آئی جی انوسٹی گیشن چوہدری سلطان، آئی ایس آئی، ایم آئی اور آئی بی کے نمائندے شامل ہیں۔