ملتان کے ڈیپارٹمنٹل سٹور میں لگی آگ پر 5 گھنٹے بعد بھی قابو نہ پایا جا سکا

Last Updated On 06 April,2018 03:26 pm

ملتان: (دنیا نیوز) ملتان کے ڈیپارٹمنٹل سٹور میں لگی آگ پر پانچ گھنٹے بعد بھی قابو نہ پایا جا سکا، ریسکیو کی 10 گاڑیاں آگ بھجانے میں مصروف ہیں، ڈیپارٹمنٹل سٹور میں آگ لگنے سے کروڑوں روپے کا سامان جل کر خاکستر ہو گیا۔

کینٹ صدر بازار میں واقع ڈیپارٹمنٹل سٹور کے بیسمنٹ میں شارٹ سرکٹ آگ اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے 5 منزلہ سٹور کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ واقع کی اطلاع پر ریسکیو، فائر بریگیڈ اور کنٹونمنٹ بورڈ کی فائر وہیکلز موقع پر پہنچ گئی اور آگ پر قابو پانے کے لئے آپریشن شروع کیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق ڈیپارٹمنٹل سٹور میں پرفیوم، کھلونے اور کپڑے موجود تھے، جو کہ انتہائی فلیم ایبل میٹریل ہیں جس کے باعث آگ کی شدت انتہائی زیادہ تھی، ریسکیو کی جانب سے آگ پر قابو پانے کے لئے کیمیکل بھی استعمال کیا گیا ہے۔ ریسکیو حکام کے مطابق آگ کی شدت تو کم ہوئی ہے لیکن تاحال مزید تین سے چار گھنٹے آگ پر قابو پانے میں لگ سکتے ہیں۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے ڈیپارٹمنٹل سٹور میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے کوئی آلات یا ہنگامی راستہ نہیں تھا، جس کی وجہ سے آگ زیادہ بڑھی، آگ کے باعث کروڑوں روپے کا سامان جل کر خاکستر ہو گیا ہے۔