کراچی سٹی کورٹ: آتشزدگی سے عمارت کا ایک حصہ منہدم، 4 گھنٹے بعد آگ بجھا لی گئی

Last Updated On 11 April,2018 10:46 am

مال خانے سے دھماکوں کی آوازیں آتی رہیں، آگ لگنے کے وقت مال خانے میں کوئی اہل کار نہیں تھا: آئی جی سندھ

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی سٹی کورٹ کے مال خانے میں رات گئے لگنے والی آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے ہر چیز کو لپیٹ میں لے لیا، مال خانے میں رکھا ہوا بارودی مواد وقفے وقفے سے پھٹتا رہا اور دھماکوں کی آوازیں دور دور تک رات بھر سنائی دیتی رہیں جس کی وجہ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

تیسرے درجے کی آگ بجھانے کے لیے شہر بھر سے فائر ٹینڈرز طلب کیے گئے، ریسکیو آپریشن میں فائربریگیڈ کی 13 گاڑیوں نے حصہ لیا، پولیس ،رینجرز، بم ڈسپوزل اسکواڈ بھی امدادی کارروائیوں کیلئے موجود رہے۔ آگ رات 2 بج کر 25 منٹ پر لگی جس پر 4 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد قابو پالیا گیا

ایس ایس پی سٹی کا کہنا تھا سٹی کورٹ تھانے اور مال خانے کے اطراف میں سی سی ٹی وی کیمرے نہیں، سٹی کورٹ میں نصب کیمروں کی ویڈیو کاجائزہ لیا جائے گا۔ دوسری جانب آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے بتایا کہ آتشزدگی سے مال خانے کی چھت کا ایک حصہ گر گیا، لگتا ہے آگ شارٹ سرکٹ کےباعث لگی، آگ لگنے کے وقت مال خانے میں کوئی اہل کار نہیں تھا۔