اشرف غنی کی دعوت، وزیرِ اعظم عباسی کل افغانستان کا دورہ کرینگے

Last Updated On 05 April,2018 07:10 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی کل افغانستان کا ایک روزہ دورہ کریں گے۔ وزیرِ اعظم کو دورے کی دعوت افغان صدر اشرف غنی نے دی ہے۔

وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی کل افغان صدر اشرف غنی کی دعوت پر افغانستان کا دورہ کریں گے۔ اپنے دورے کے دوران وزیرِ اعظم عباسی کی
افغان صدر اور چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ سمیت دیگر اہم شخصیات سے ملاقات میں اہم ایشوز پر بات چیت کریں گے۔

دونوں ملکوں کے رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں انسدادِ دہشتگردی اور انسداد منشیات کے لئے تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال ہو گا جبکہ پاک افغان دو طرفہ تعلقات بڑھانے سمیت افغان مہاجرین کی واپسی پر بھی غور ہو گا۔

ذرائع کے مطابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی اپنے دورے کے دوران افغانستان کے سینئر سیاسی رہنماؤں سے بھی ملیں گے۔ وزیرِ اعظم افغانستان میں قیامِ امن کیلئے افغان قیادت کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلائیں گے۔