مظفرآباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کا کہنا ہے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ہر سطح پر کاوشیں جاری رکھیں گے، پاکستان کی حکومت اور عوام مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ ہے۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے مظفرآباد میں آل پارٹیز کانفرنس کے نمائندوں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا مقبوضہ وادی کے عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے، مقبوضہ کشمیر کے عوام کا بھارتی جارحیت کا سامنا کرنا قابل قدر ہے، پاکستان کی حکومت 6 اہم دارالحکومتوں میں اپنے نمائندے بھیجے گی۔ انہوں نے کہا میں اور کابینہ ارکان کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے آئے ہیں، خصوصی کابینہ اجلاس میں بھارتی فوج کی جارحیت پر غم و غصے کا اظہار کیا گیا۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا وزارت خارجہ اور سفارتی مشنز اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کے لیے متحرک ہیں، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو دنیا بھر میں اجاگر کریں گے۔