اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے بھارتی دہشت گردی کے خلاف عالمی برادری سے اپیل کی ہے وہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا نوٹس لے، مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ نوجوانوں کو شہید کیا جا رہا ہے۔
بھارت کا مکروہ چہرہ دکھانے کے لئے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ سے پہلے وزرات خارجہ میں ویڈیو دکھائی گئی، بریفنگ میں موجود غیر ملکی سفیروں کی بڑی تعداد نے بھی یہ ویڈیو دیکھی۔ ویڈیو کا ٹائٹل کشمیر غموں اور درد کی وادی دوزخ میں بدلی جنت تھا۔ ویڈیو میں کشمیر کی خوبصورتی اور بھارتی مظالم کو اجاگر کیا گیا ہے۔
دوران بریفنگ ترجمان دفترخارجہ نے بتایا کہ وہ آج کی بریفنگ اداسی کیساتھ شروع کر ر ہے ہیں۔ انہوں نے کہا بھارتی افواج نے 20 کشمیریوں کو شہید کیا، شہید ہونے والوں میں 19 سے 27 سال کے نوجوان، حافظ قرآن اور ایم فل سکالرز بھی شامل تھے، اس کے علاوہ 300 زائد نہتے کشمیریوں کو زخمی کیا گیا، پیلیٹ گنز سے 40 افراد بینائی کھو بیٹھے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ چھرے والی بندوقیں جانوروں کے شکار کے لیے بھی ممنوعہ ہیں لیکن وہ مقبوضہ کشمیر میں استعمال کی جا رہی ہیں۔ ترجمان نے کہا پاکستان نے مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے، اقوام متحدہ انسانی حقوق کمیشن کوانکوائری کیلیے ہدایات دے۔ ڈاکٹرفیصل نے کہا پاکستان نے کبھی مذاکرات سے انکار نہیں کیا، بھارت ہمیشہ مذاکرات سے بھاگتا ہے۔
ڈاکٹر فیصل نے کہا پاکستان نے بھارتی مظالم کے جواب میں کشمیریوں کیساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے، حکومت پاکستان نے دنیا کے اہم ممالک میں نمائندہ وفود بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم نے تمام زخمی افراد کے دنیا کے کسی بھی ملک میں علاج کے اخراجات برداشت کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔