پنجاب: جیلوں میں 209 غیر ملکی قیدی، 64 کی سزا پوری

Last Updated On 29 March,2018 11:43 am

لاہور: (روزنامہ دنیا) پنجاب کی مختلف جیلوں میں 209 غیر ملکی قیدی بند ہیں ان میں سے 64 اپنی سزا پوری کر چکے ہیں لیکن ان کے ممالک رابطے کے باوجود اپنے شہریوں کو واپس لینے کے لیے تیار نہیں۔ سزا پوری کرنے والوں میں سب سے زیادہ 29 بھارتی قید ی ہیں جن کو نئی دہلی انتظامیہ واپس نہیں لے رہی۔ 11 بھارتی جاسوس بھی پنجاب کی جیلوں میں بند ہیں۔

روزنامہ دنیا کو موصول ہونے والی دستاویزات کے مطابق 90 غیر ملکی قیدی ایسے ہیں جن کے کیس مختلف عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔ 52 کو عدالتوں نے مختلف سزائیں سنا رکھی ہیں جبکہ 3 کو عدالت نے سنگین جرائم پر سزائے موت سنائی۔ جو قیدی اپنے سزا پوری کر چکے ہیں اور جیلوں میں بند ہیں ان میں سب سے زیادہ 29 قیدی بھارتی ہیں۔ سزاپوری کرنے والوں میں بنگلہ دیش کے 17قیدی ہیں۔

پاکستان کی جیلوں میں سب سے زیادہ 80 افغانستان کے قیدی ہیں۔ دوسرے نمبر پر بھارت کے 41 ، نائیجیریا کے 28 ، بنگلہ دیش 18 ، برطانیہ کے 14 ، امریکہ کے 5 اور تنزانیہ کے 6 قیدی بند ہیں۔