یوم پاکستان: وفاقی اور صوبائی دار الحکومتوں میں توپوں کی سلامی سے دن کا آغاز

Last Updated On 23 March,2018 03:20 pm

 لاہور میں رات 12 بجے پارکس اینڈ ہارٹیکلچر کے زیراہتمام گریٹر اقبال پارک میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا جس نے آسمان پر دھنک کے رنگ بکھیر دیئے اور فضا رنگوں میں نہا گئی، فلک کو چھوتی روشنیوں نے ایسا سماں باندھا کہ دیکھنے والے دیکھتے رہ گئے۔

یوم پاکستان کے موقع پر صوبائی دارالحکومت کے دن کا آغاز 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، پاک فضائیہ کے چاک و چوبند دستہ نے مزار اقبال پر اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔ پاک فضائیہ کی جانب سے مزار اقبال پر سلامی دی گئی۔ بیس کمانڈر پی اے ایف بیس لاہور ایئرکموڈور سید صباحت حسن نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور مزار اقبال پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

شہر قائد میں بھی یوم پاکستان کے حوالے سے مزار قائد پر تقریب منعقد کی گئی، تقریب میں گورنر سندھ محمد زبیر، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزیر داخلہ سندھ سہیل انور خان سیال، آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ اور تینوں مسلح افواج کے نمائندوں نے مزار قائد پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ یادداشتی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کئے۔ 

اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر سندھ محمد زبیر کا کہنا تھا کہ کراچی میں امن و امان کی بحالی کیلئے بہت کام ہوا ہے آج کراچی امن کا گہوارہ ہے، مسلح افواج اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے ملک میں امن و امان کی بحالی کیلئے اہم کردار ادا کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ آج کے دن تمام پاکستان ملک کی ترقی کیلئےعہد کریں، جمہوری پاکستان کو بنانے کیلئے سب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے، متحدہ مجلس عمل کی بحالی کا خیر مقدم کرتے ہیں جبکہ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ رائو انوار کی گرفتاری اور آئی جی سندھ کی تبدیلی کا آپس میں کوئی تعلق نہیں۔ انہون نے کہا 23 مارچ 1940 کو بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے ایک آزاد ملک کی جدوجہد کیلئے منٹو پارک میں قرار داد پیش کی، قرارداد ہوتے ہی ایک تہلکہ سا مچ گیا تھا۔ اور بالآخر اس قرارداد کی بدولت آزاد پاکستان کا وجود عمل میں آیا۔

یوم پاکستان پر کراچی میں آتشبازی کا مظاہرہ: 

یوم پاکستان پر لاہور میں آتشبازی کا مظاہرہ :