نواز شریف زرداری کو ختم کرنے عدالت گئے، پہلی بار اپنی غلطی کا اعتراف کیا، خورشید شاہ کا ردعمل

Last Updated On 27 March,2018 07:30 pm

 

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں قائد حزِب اختلاف سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ نگران وزیرِ اعظم کی مشاورت وزیرِ اعظم سے ہو گی، نواز شریف سے نہیں، انشا اللہ کوشش ہو گی کہ نگران وزیرِ اعظم کے نام پر اتفاق ہو جائے۔ ابھی بہت وقت ہے دوسری جماعتوں سے بھی مشاورت ہو گی۔ الیکشن میں دو مارہ رہ گئے ہیں دعاگو ہوں کہ انتخابات وقت پر ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ میاں صاحب نے پہلی دفعہ سپریم کورٹ جانے پر اپنی غلطی کا اعتراف کیا ہے۔ نواز شریف، زرداری کو ختم کرنے کے لیے عدالت گئے لیکن ہم نے نواز شریف کو بچایا، یہی پیپلز پارٹی اور دوسری جماعتوں میں فرق ہے۔

چیئرمین سینیٹ بارے بیان دینے پر انہوں نے وزیرِ اعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ امید نہیں تھی کہ شاہد خاقان عباسی سینیٹ کے چیئرمین بارے ایسی بات کریں گے، میں ان کے بیان کی مذمت کرتا ہوں۔

خورشید شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دور کا موجودہ حکومت سے موازنہ کیا جائے۔ پیپلز پارٹی واحد جماعت جس نے وعدوں کو پورا کیا۔ ملک کی معاشی حالت بہت خراب ہے، آج جو کچھ ہو رہا ہے صیح نہیں ہے۔ کسان، مزدور اور ڈالر پر بات کی جائے۔ اسحاق ڈار ہی اکانومی سے خوش نہیں تو عوام کیسے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے آج تک کچھ ڈیلیور نہیں کیا۔ لاہور کے دل کے ہسپتال میں مریضوں کو چھ، چھ ماہ کا وقت دیا جاتا ہے جبکہ سکھر میں 36 گھنٹے میں دل کے مریض کا علاج ہوتا ہے۔