'کمپنیوں پر پابندی سے آگاہ ہیں، امریکہ معاملے کو سیاسی رنگ دینے سے باز رہے'

Last Updated On 27 March,2018 07:17 pm

امریکہ کی جانب سے 7 پاکستانی کمپنیوں کی مصنوعات پر پابندی لگانے کے معاملہ پر ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکی محکمہ تجارت کی جانب سے لگائی گئی پابندیوں سے سے آگاہ ہیں، امریکا معاملے کو سیاسی رنگ دینے سے باز رہے، پاکستان کی ایٹمی عدم پھیلاؤ کی کوششوں پر شبہات سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے کہا امریکا کے اس اقدام سے سیاسی عزائم واضع ہیں، پاکستان نے جوہری سیفٹی کیلئے بین الاقوامی معیار کے اقدامات کر رکھے ہیں۔

امریکا نے مبینہ جوہری آلات کی تجارت میں ملوث ہونے کا الزام عائد کر کے 7 پاکستانی کمپنیوں پر پابندی لگا دی۔ کراچی، لاہور اور اسلام آباد سے آپریٹ ہونے والی کمپنیوں پر مبینہ طور پر جوہری آلات کی تجارت میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔ امریکی بیورو آف انڈسٹری اینڈ سکیورٹی کا کہنا ہے کہ یہ کمپنیاں ایسی تجارتی سرگرمیوں میں ملوث تھیں جن سے امریکہ کی قومی سلامتی اور امریکہ کے خارجی مفادات کو خطرہ پیدا ہو سکتا تھا۔

امریکی پابندی کے بعد ان کمپنیوں کی بین الاقوامی تجارت پر بھی پابندی عائد ہونے کا امکان ہے جبکہ نیو کلیئر سپلائی گروپ میں شامل ہونے کی پاکستانی کوششوں کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔