این اے 55 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار شکیل اعوان کی اپیل کی سماعت کے دوران جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیے کہ پاناما لیکس فیصلے میں یہ اصول کہاں طے کیا گیا کہ غلطی جان بوجھ کر ہو یا غیر ارادی، نااہلیت ہو گی۔ معاملہ لندن فلیٹس کا تھا لیکن نا اہلی اقامہ پر ہوئی، پاکستان میں تو الیکشن لڑنا تو بہت مشکل ہو گیا۔ امریکن صدر کہتے ہیں کہ فلاں ریٹرنز ظاہر نہیں کروں گا اور یہاں غلطی بھی نا اہلیت ہے۔
فاضل جج نے آبرویشن دی کہ اگر شیخ رشید نے اثاثے ظاہر کرنے میں غلطی کی ہے تو بات پاناما کیس پر آ کر ہی رکے گی۔ جسٹس شیخ عظمت سعید نے استفسار کیا کہ کیا پاناما کیس میں کسی نے غلطی تسلیم کی تھی؟ پاناما کیس کے حوالے کا ہی انتظار کر رہے تھے، یہ کیوں سوچتے ہیں کہ ہمیں کیس کی سمجھ نہیں ہے۔ تین رکنی بنچ نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔