کراچی : جناح ہسپتال میں روبوٹک سرجری کےسالانہ 300 کامیاب آپریشن

Published On 05 October,2024 07:00 pm

کراچی کے سب سے بڑے جناح ہسپتال میں روبوٹک سرجری کے ابتدائی ایک سال کے دوران گائنی ، یورولوجی سمیت جنرل سرجری کے 300 کامیاب آپریشن کیے گئے۔

جناح ہسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر شاہد رسول کے مطابق 4 اکتوبر 2023 کو اس ٹیکنالوجی کا آغاز کیا گیا تھا، روبوٹک سرجری کے ذریعے یورولوجی، جنرل سرجری اور گائنی سمیت مختلف شعبہ جات میں آپریشنز کیے گئے ہیں، ان میں سلیف گیسٹریکٹومی، بڑی آنت کے کینسر کی سرجری، ہرنیہ، اور پتہ نکالنے کے کامیاب آپریشن شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان سرجریز کے دوران نہ صرف مریضوں کی صحت یابی جلد ہوئی بلکہ پیچیدگیاں بھی کم دیکھنے میں آئیں، خوش آئند بات یہ ہے کہ اس دوران کسی مریض کی ہلاکت واقع نہیں ہوئی۔

پروفیسر شاہد رسول کا کہنا تھا کہ روبوٹک سرجری کی خصوصیت یہ ہے کہ اس میں چھوٹے کٹ کے ذریعے آپریشن ہوتا ہے، خون کا ضیاع کم ہوتا ہے اور مریض جلد صحت یاب ہو جاتے ہیں، انسانی کلائی 180 زاویے سے گھومتی ہے جبکہ روبوٹک سسٹم 360 کے زاویے سے گھومنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس ٹیکنالوجی کو مزید فروغ دینے کے لیے بیرون ملک سے ماہرین نے مقامی ڈاکٹروں کی تربیت کے لیے ورکشاپس کا انعقاد کیا، اور بعض طبی عملے کو تربیت کے لیے شارجہ بھی بھیجا گیا۔

پروفیسر شاہد رسول کا کہنا تھا کہ جناح ہسپتال میں طبی عملے کی کمی اب بھی ایک بڑا چیلنج ہے، ہسپتال میں موجود 28 بستروں پر مشتمل ایک سرجیکل آئی سی یو میں صرف 8 بستر فعال ہیں، جبکہ بقیہ 20 بستروں کے لیے اینستھیک ٹیکنیشنز موجود نہیں ہیں۔

آخر میں انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنی مدت ملازمت کے دوران جناح ہسپتال کو ایک خودمختار ادارہ بنانے کی کوشش کریں گے، جیسا کہ این آئی سی وی ڈی اور ایس آئی یو ٹی اور ایس آئی سی ایچ جیسے ادارے ہیں۔