آرہس: (ویب ڈیسک ) ایک تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ وہ خواتین و حضرات جو دردِ شقیقہ میں مبتلا ہوتے ہیں ان کے سب سے عام قسم کے فالج سے متاثر ہونے کے خطرات زیادہ ہوتے ہیں۔
تحقیق میں مزید یہ بھی بتایا گیا ہے کہ مائیگرین سے متاثر خواتین کو اس کے علاوہ دل کے دورے اور ہیمرج (دماغ یا اس کے اطراف میں خون کا رسنا) کے خطرات بھی لاحق ہو سکتے ہیں۔
وہ لوگ جن میں مائیگرین کی تشخیص ہوتی ہے ان کے متعلق خیال کیا جاتا ہے کہ ان کو 60 برس کی عمر سے پہلے دل کے دورے یا فالج سے متاثر ہونے کے خطرات ہوتے ہیں۔
گزشتہ تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ اسکیمِک اسٹروک (جس میں دماغ کو جانے والی شریان بند ہوجاتی ہے) زیادہ تر جوان خواتین کو متاثر کرتا ہے تاہم، یہ بات واضح نہیں کہ آیا مائیگرین سے متاثر خواتین کو مردوں کی نسبت دل کے دورے اور ہیمرج اسٹروک سے زیادہ خطرہ ہوتا ہے یا نہیں۔
ڈنمارک کی آرہس یونیورسٹی کی سیسیلیا فگلسینگ اور ان کی ٹیم نے 1996 سے 2018 تک جمع ہونے والے 18 تا 60 سال کی عمر کے ڈینش افراد کے طبی ریکارڈ کا جائزہ لیا۔
جائزے میں مائیگرین کی تاریخ رکھنے والے مردوں اور عورتوں کو 60 سال کی عمر سے قبل لاحق دل کے دورے اور اسکیمک اور ہمرج اسٹروک کے خطرات کا مائیگرین کے بغیر عام لوگوں کو لاحق خطرات سے موازنہ کیا گیا۔
سیسیلیا فگلسینگ کا کہنا تھا کہ مائیگرین کا تعلق یکساں طور پر مردوں اور عورتوں میں اسکیمک سٹروک کے اضافی خطرات سے تھا تاہم، خواتین میں مائیگرین کا تعلق دل کے دورے اور ہیمرج سٹروک کے اضافی خطرات سے ہوسکتا ہے۔