نیویارک : (ویب ڈیسک ) امریکی ڈاکٹرز نے میڈیکل کی تاریخ میں پہلی بار ایک ایسا آپریشن کیا ہے جس میں ایک ایسے بچے کے دماغ کی کامیاب سرجری کی گئی ہے جو ابھی پیدا بھی نہیں ہوا تھا اور ماں کے رحم میں تھا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق بچے کے دماغ کے اندر خون کی شریانوں میں خرابی تھی جس کے لیے علاج کیا گیا ، دماغ میں پیدا ہونے والا یہ نقص ’وینس آگ گیلن میلفارمیشن‘ کہلاتا ہے اور اس کا آپریشن بوسٹن چلڈرنز ہسپتال میں کیا گیا ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق بچی اپنی ماں کی کوکھ میں معمول کے مطابق بڑھ رہی تھی جبکہ 30 ویں ہفتے میں معمول کے الٹرا ساؤنڈ پر ڈاکٹروں نے دریافت کیا کہ اس کے دماغ کے اندر خون کی نالیوں میں خرابی ہے۔
آپریشن کے لیے الٹراساؤنڈ کی رہنمائی میں ایک چھوٹی سوئی بچے کے دماغ تک پہنچائی گئی جو خون کے غیرمعمولی بہاؤ روکنے کے استعمال ہوتی ہے۔
رپورٹس کے مطابق 17 مارچ کو خاتون نے بچی کو آپریشن کے بعد 34 ویں ہفتے میں جنم دیا جس کا وزن 4 پونڈ اور 1 اونس تھا اور وہ بالکل صحت یاب ہے اور اس کا نام ڈینور کولمین رکھا گیا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق ڈاکٹروں نے یہ آپریشن مارچ میں کیا تھا جس کی تفصیلات اب شائع کی گئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق اس بیماری سے متعلق بتایا گیا ہے کہ یہ حالت اس وقت ہوتی ہے جب خون کی نالی جو دماغ سے دل تک خون لے جاتی ہے صحیح طریقے سے نشوونما نہ پائے اور اس خرابی کے نتیجے میں خون کی بہت زیادہ مقدار رگوں اور دل پر دباؤ ڈالتی ہے اور صحت کے مسائل کا سبب بن سکتی ہے۔