کوئٹہ : کینسر، مرگی اور بخار سمیت کئی امراض کی ادویات مارکیٹ سے غائب

Published On 29 March,2023 08:35 am

کوئٹہ : (ویب ڈیسک ) بلوچستان کے ضلع کوئٹہ میں کینسر ،مرگی ،گردے ، ڈائیلسز، تھیلیسمیا اور بخار سمیت کئی امراض کی ضروری ادویات مارکیٹوں سے غائب ہوگئی ہیں اور مریض مہنگے داموں بلیک میں ادویات خریدنے پر مجبور ہیں۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق کوئٹہ کے میڈیکل سٹورز میں کینسر ،مرگی ،گردے ڈائیلسز ، تھیلیسمیا اور بخار سمیت کئی امراض کی ضروری ادویات موجود نہیں ہیں۔

علاوہ ازیں سی ٹی سکین میں استعمال ہونے والا انجکشن جو عام میڈیکل سٹورز پر 3 ہزار روپے کا فروخت ہوتا تھا اب وہ انجکشن بلیک میں 7 ہزار روپے میں فروخت ہو رہا ہے ۔

اسی طرح عام بخار کے علاج کیلئے استعمال ہونے والی پیناڈول گولی بھی کوئٹہ کے میڈیکل سٹورز میں بہت نایاب ہوچکی ہے ، کوئٹہ میں یہ ادویات نہ صرف میڈیکل سٹورز سے غائب ہیں بلکہ سرکاری ہسپتالوں میں بھی دستیاب نہیں ہیں ۔