مائیگرین سے پریشان ہیں ؟ تلسی کے پتے فائدہ مند ہوسکتے ہیں

Published On 19 February,2023 10:10 am

نیویارک : (ویب ڈیسک ) ہم نے کبھی سوچا بھی نہیں ہوگا کہ اس عام سے پودے کے پتوں میں صحت و شفاء کے حیرت انگیز خزانے موجود ہو سکتے ہیں، انسانی صحت کیلئے تلسی کے پتے زبردست افادیت رکھتے ہیں۔

ماہرین غذائیت کا کہنا ہے کہ اگر دودھ میں تلسی کے پتوں کو اُبال کر پیا جائے تو اس کے فوائد میں اضافہ ہو جاتا ہے اور اس طرح بہت سی بیماریوں سے نجات مل سکتی ہے ۔

موجودہ دور میں مائیگرین یعنی شقیقہ کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس کی وجہ سے لوگ اکثر سردرد سے پریشان رہتے ہیں ، اگر تلسی اور دودھ کا باقاعدگی سے استعمال کیا جائے تو اس مسئلے کو جڑ سے ختم کیا جا سکتا ہے، درد شقیقہ سے نجات کے لیے تلسی کے پتوں کو دودھ میں ابال کر روزانہ پئیں، آہستہ آہستہ نصف سر کا درد جاتا رہے گا۔

تلسی کے پتوں کو دودھ میں ابال کر پینے کے دیگر فائدے بھی ہیں، یہ دمہ کی بیماری کو بھی دور کرتا ہے، اگر آپ دمہ یا سانس کی تکلیف کے شکار ہیں تو اس سے بچنے کے لیے تلسی کے پتوں کو دودھ میں ابال کر پئیں، ایسا کرنے سے دمہ کے مریض کو کافی آرام ملتا ہے۔

تلسی اور دودھ ڈپریشن کے مریضوں کے لیے بھی فائدہ مند ہے، تلسی کے دودھ کے استعمال سے ڈپریشن کم ہوتا ہے اور ذہنی تناؤ دور ہو جاتا ہے۔

گردے کی پتھری کی صورت میں اگر تلسی کے پتوں کو دودھ میں ابال کر پیا جائے تو اس سے پتھری اور گردے کے درد کا مسئلہ بھی دور ہو جاتا ہے۔

واضح رہے کہ تلسی میں وٹامن، معدنیات، کیلشیم ، وٹامن کے، کینسر سے لڑنے والے اینٹی آکسیڈنٹس اور سوزش سے بچانے والے بیٹا کیریو فائلین اور دیگر قدرتی اجزاء وافر مقدار میں موجود ہوتے ہیں، اس جڑی بوٹی میں موجود تیل سانس، پیشاب، پیٹ اور جلد کے انفیکشن والے مریضوں میں بیکٹیریا سے لڑنے میں مدد کر سکتا ہے۔