اسلام آباد: (دنیا نیوز) سیلاب کے بعد ڈینگی کیسز آنے کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کراچی میں 161 اور اسلام آباد میں 128 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
محکمہ صحت کے مطابق سندھ میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں 163 کیسز رپورٹ ہوئے جس میں سے 161 کراچی میں رپورٹ ہوئے ہیں، ضلع وسطی میں 48، ضلع شرقی میں 36، ضلع کورنگی میں 32 ، ضلع جنوبی میں 25 اور غربی میں چار کسیز سامنے آئے ہیں۔
ستمبر کے مہینے میں اب تک ایک ہزار 66 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، مجموعی طور پر کراچی سے رواں سال اب تک 3 ہزار 434 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جبکہ رواں سال ڈینگی سے9 افراد جاں بحق بھی ہوئے ہیں۔
دوسری جانب اسلام آباد میں ڈینگی کے مزید 128 کیسز سامنے آ گئے، محکمہ صحت کے مطابق اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں 75 افراد ڈینگی میں مبتلا ہوئے۔
شہری علاقوں میں 53 افراد کا ڈینگی ٹیسٹ مثبت آیا ہے، وفاقی دارالحکومت کے دیہی علاقوں میں ڈینگی مریضوں کی تعداد 553 ہو گئی ہے۔
اسلام آباد کے شہری علاقوں میں ڈینگی مریضوں کی تعداد 318 ہو گئی ہے جبکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اب تک ڈینگی سے 4 افراد انتقال کرچکے ہیں۔