پشاور(دنیا نیوز)خیبر پختونخوا میں حالیہ بارشوں کے باعث پشاور اورمضافاتی علاقوں میں ڈینگی وائرس پھیلنے لگا، صوبہ بھر میں ایک ہزار سے زائد کیس سامنے آگئے، مردان میں سب سے زیادہ 600 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوگئی، پشاور میں بھی ایک ہفتے کے دوران ایک سو سے زائد کیس رپورٹ ہوئے۔
خیبر پختونخوا میں حالیہ بارشوں سے صوبے بھر میں ڈینگی کے درجنوں کیس سامنے آئے ہیں، پشاور سمیت 26 اضلاع میں تصدیق بھی ہوگئی ہے۔
محکمہ صحت رپورٹ کے مطابق صوبے میں ڈینگی وائرس کے کیسز کی تعداد میں اضافہ ہونے لگا ہے، صوبے میں متاثرہ کیسوں کی تعداد ایک ہزار 633 تک پہنچ گئی ہے، سب سے زیادہ مردان میں 600 کے قریب کیس سامنے آئے ہیں، خیبر میں سامنے آنے والے کیسوں کی تعداد 349 ہے، بڑھتے ہوئے کیسز سے شہری بھی پریشان ہوگئے ہیں۔
ضلع ہری پور سے 170، نوشہرہ سے 165 کیس سامنے آئے ہیں جبکہ پشاور سے ایک ہفتے کے دوران 105 کیس رپورٹ ہوئے، ڈی آئی خان سے 59، چارسدہ 49،مانسہرہ 29،بنوں 12، ایبٹ آباد سے11،باجوڑ سے 6 کیس سامنے آئے ہیں۔
دوسری جانب سندھ میں بھی ڈینگی دوبارہ بے قابو ہونے لگا، کراچی میں 24 گھنٹے کے دوران مزید 84 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، سیلاب اور بارش کے باعث جگہ جگہ کھڑے پانی سے ڈینگی کیسوں میں مزید اضافہ کے خدشات بھی ہیں۔