لاہور: (دنیا نیوز) عید کے دنوں میں خوب ہلہ گلہ کریں لیکن ساتھ ہی ڈینگی سے بھی احتیاط کریں کیونکہ لاہور میں ڈینگی کا خطرہ پھر منڈلانے لگا ہے، ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کی جانب سے سخت چیکنگ بھی جاری ہے، 3 ہزار سے زائد ٹیمیں تشکیل دیدی گئیں۔
شہر میں ڈینگی کے خطرات پھر بڑھنے لگے، ڈینگی لاروا کی افزائش میں اضافہ ہو گیا۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کی جانب سے حفاظتی اقدامات پر بھرپور توجہ دی جارہی ہے۔ گھروں اور بازاروں میں چیکنگ کیلئے 3ہزار سے زائد ڈینگی ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں۔
چند روز میں 9 سو زائد مختلف مقامات سے لاروا برآمد ہوا ہے ۔ 30 افراد کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کی گئی ہے۔ شہر میں متعدد جگہوں پر پانی کھڑا ہونے اور گندگی کی موجودگی پر 400 افراد کو نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر راجہ زبیر کہتے ہیں کہ نجی مقامات اور گھروں سے لاروا برآمد ہونے پر ایکشن لیا جائے گا۔ انتظامیہ کی جانب سے شہریوں اپیل کی گئی ہے کہ ڈینگی علامات ظاہر ہونے پر ہسپتالوں میں ڈینگی کاؤنٹر پر رابطہ کریں اور مستند ڈاکٹرز سے رجوع کریں۔