کراچی:(دنیا نیوز) شہر قائد کے باڑوں میں مویشیوں میں جلدی بیماری پھیلنے کے معاملے پر صوبائی ٹاسک فورس نے اعدادو شمار جاری کردیئے جس کے مطابق سب سے زیادہ مویشی کراچی میں متاثر ہوئے جبکہ سندھ حکومت نے متاثرہ علاقوں میں جانوروں کی ویکسینیشن کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
سرکاری اعدادو شمار کے مطابق سندھ کے 27 اضلاع میں 20 ہزار 250 مویشی بیماری میں مبتلا ہیں، اب تک 54 مویشی ہلاک ہوچکے ہیں، 24 گھنٹے کے دوران 473 جانوروں میں بیماری کی تصدیق ہوئی جبکہ 15ہزار 392 جانور صحت یاب ہوئے۔
صوبائی ٹاسک فورس کا بتانا ہے کہ سب سے زیادہ کراچی میں 14 ہزار 766 مویشی متاثر ہوئے، ٹھٹھہ میں 3 ہزار 766، بدین میں 635، ٹنڈو محمد خان، قمبرشہداد کوٹ میں ایک ایک جانورمتاثر ہوا، تاہم تھرپارکر، عمرکوٹ سمیت 13 اضلاع میں کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔
چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں سیکریٹری لائیو اسٹاک، ڈائریکٹر جنرل لائیو اسٹاک سمیت دیگر حکام شریک ہوئے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبے بھر میں اب تک 20 ہزار 250 جانوروں میں بیماری پائی گئی ہے، اس بیماری کے جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہونے کے امکانات نہیں ہیں، سندھ حکومت کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں جانوروں کی ویکسینیشن کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
چیف سیکریٹری سندھ کا کہنا تھا کہ لمپی اسکن سے متاثرہ علاقوں میں جانوروں کی ویکسینیشن کی جائے، متاثرہ جانوروں کے علاج کے سلسلے میں ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، کیٹل فارمز اور اس کے اطراف میں مچھر مار اسپرے کیا جائے۔