میاں صاحب کو لندن بھیج دیا اور یہاں کٹھ پتلی کو بٹھا دیا گیا: بلاول بھٹو

Published On 03 March,2022 03:40 pm

خان بیلہ: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ میاں صاحب کو لندن بھیج دیا اور یہاں کٹھ پتلی کو بٹھا دیا گیا، احتجاج تو کریں گے لیکن عدم اعتماد بھی لے کر آئیں گے۔

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے خان بیلہ میں مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام سے سوال ہے 3 سال گزر چکے کیا تبدیلی نظر آئی ؟ نالائق، نااہل وزیراعظم کو ہٹانے کیلئے نکلے ہیں، پی ٹی آئی ایم ایف ڈیل کی وجہ سے ملک معاشی بحران سے گزر رہا ہے، ہم پی ٹی آئی ایم ایف ڈیل کیخلاف نکلے ہیں، بڑھتی مہنگائی اور بیروزگاری کیخلاف احتجاج کر رہے ہیں۔

ق لیگ مفت میں ووٹ نہیں دے گی، انہیں بہتر پیشکش دینی چاہیے: بلاول بھٹو

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ قائد عوام کو شہید کر کے پیپلزپارٹی کو ختم کرنے کی سازش کی گئی، محترمہ کے شہید ہونے پر زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا، آصف زرداری نے ملک میں جمہوریت کو بحال کیا، آصف زرداری نے سندھ اور بلوچستان کو حق دیا، 18 ویں ترمیم کے ذریعے صوبوں کو اختیارات دیئے، لانگ مارچ شروع ہوتے ہی اپوزیشن جماعتیں پیپلزپارٹی کے پیج پر آچکیں، کٹھ پتلی سے عوام کا اعتماد اٹھ چکا، اب پارلیمان کا اعتماد اٹھنا چاہیے، 3 سال میں جو کوئی نہیں کرسکا وہ پیپلزپارٹی کے عوامی مارچ نے کر دکھایا، کٹھ پتلی عوامی مارچ کی طاقت دیکھ کر گھبرا گیا، کٹھ پتلی نے گھبرا کر پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کر دی۔