فیصل آباد: سول ہسپتال میں شدید گرمی کے باوجود اے سی تاحال بند، مریضوں کا برا حال

Published On 21 May,2021 09:22 am

فیصل آباد: (دنیا نیوز) سول ہسپتال فیصل آباد کے کڈنی سینٹر میں شدید گرمی کے باوجود تاحال ائیر کنڈیشنرز کو نہ چلایا جا سکا۔ ڈائلسز یونٹ میں مشینوں کی ہیٹ اور سخت گرمی کی وجہ سے مریضوں اور ان کے لواحقین کا برا حال ہے۔

ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹرز ہسپتال انتظامیہ کی نااہلی، گردوں کے امراض میں مبتلا مریضوں کے لئے وبال جان بن گئی۔ کڈنی سینٹر کے ڈائلیسز یونٹ میں ائیرکنڈیشنرز موجود ہونے کے باوجود فعال ہی نہ ہو سکے۔

ایک طرف جھلسا دینے والا موسم، دوسری طرف ڈائلیسز مشینوں کی گرمی وارڈ میں موجود ڈائلیسز مریضوں کو ہلکان کررہی ہے تواس صورتحال سے طبی عملہ بھی پریشان ہے۔

آئیرکنڈیشنرز بند ہونے کے ساتھ ساتھ کڈنی سینٹر کے کئی پنکھے بھی خرابی کی وجہ سے بند ہیں جس سے مریضوں کی مشکلات دردناک عذاب میں تبدیل ہورہی ہیں۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق چھوٹے ٹرانسفارمر کی وجہ سے اے سی بند ہیں تاہم جلد فنکشنل کردئیے جائیں گے۔

شہریوں کا کہنا ہے حکومتی عدم توجہ کی وجہ سے سرکاری ہسپتالوں کا نظام بگڑتا جارہا ہے۔