فیصل آباد ریلوے سٹیشن پر کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری

Published On 02 May,2021 09:13 am

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد کے ریلوے سٹیشن پر شہریوں سمیت مسافروں کی جانب سے کورونا وائرس سے بچاو کے ایس او پیز کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ ریلوے حکام بھی کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کروانے میں غیر سنجیدہ ہیں۔

کورونا وائرس کی تیسری لہر میں متاثرہ مریضوں کی تعداد میں روز بروز اضافے کے ساتھ شرح اموات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، کورونا وائرس کی تیسری لہرزیادہ خطرناک ہونے کے باوجود بھی فیصل آباد کے ریلوے سٹیشن پر مسافر کورونا وائرس کی روک تھام کے ایس او پیز کی خلاف ورزیاں کر رہے ہیں۔

فیصل آباد کے ریلوے سٹیشن پر بیرون شہر سے روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں مسافروں کی آمد ورفت ہوتی ہے لیکن نہ تو مسافر خود احتیاطی تدابیر اپنا رہے نہ انتظامیہ کی جانب سے ایس ۔ او ۔ پیز پر عمل درآمد ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔

ریلوے افسران کے دعووّں کے برعکس صرف چند افراد ہی ایس ۔ او ۔ پیز پر عمل درآمد کرتے دکھائی دیتے ہیں جبکہ زیادہ تر مسافر بغیر سماجی فاصلے اور ماسک پہنے ریلوے سٹیشن آتے ہیں، معاملے پر سٹیشن سپرنٹنڈنٹ کہتے ہیں کہ ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کروایا جا رہا ہے۔

شہری کہتے ہیں کہ مسافروں کو چھوڑنے اور لینے کے لئے دوستوں اور رشتہ داروں کی بڑی تعداد کی ریلوے اسٹیشن آمد پر پابندی ہونی چاہیے تا کہ غیر ضروری رش کو کنٹرول کیا جا سکے۔