پشاور:(ویب ڈیسک ) سوشل میڈیا پر اسرائیل کے ایک حامی گروپ کے رہنماؤں کے ہمراہ وائرل تصویر پر شاہد آفریدی کا رد عمل سامنے آگیا، قومی ٹیم کے سابق کپتان نے صہیونی تحریک کی حمایت سے متعلق دعووں کی تردید کی ہے۔
اسرائیل کی حامی تنظیم فرینڈز آف اسرائیل (ایف او آئی) کی جانب سے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کے ہمراہ ایک تصویر پوسٹ کی گئی، جس کے کیپشن میں یہ الزام عائد کیا گیا ’آفریدی نے یرغمالیوں کی رہائی کے لیے ہمارے مطالبے کی حمایت کی‘۔
گزشتہ روز پوسٹ کی گئی تصویر میں شاہد آفریدی مانچسٹر میں دو مظاہرین کے ساتھ کھڑے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں جن میں سے ایک نے اپنے ہاتھ میں پمفلٹ پکڑا ہوا ہے جس میں حماس کی جانب سے مبینہ طور پر اغوا کیے گئے اسرائیلی بچوں سے متعلق تحریر درج ہے، پمفلٹ میں واضح طور پر ’انہیں گھر واپس لاؤ‘ کے الفاظ درج ہیں، یعنی وہ گزشتہ سال 7 اکتوبر کے حملے میں حماس کے ہاتھوں یرغمال افراد کی رہائی کا مطالبہ کررہے ہیں۔
تنظیم کے مطابق شاہد آفریدی کی تصویر ایف او آئی کے شریک چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے ساتھ تھی، اور انہوں نے آفریدی کی حمایت پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔
وائرل تصویر کے ردعمل میں شاہد آفریدی نے مداحوں سے اپیل کی کہ وہ انٹرنیٹ پر اپ لوڈ ہونے والے ہر چیز پر یقین نہ کریں۔