وزیر اطلاعات آزاد کشمیرکی احمد فرہاد کوزہر دینے والی خبروں کی تردید

Published On 02 June,2024 09:53 am

مظفرآباد:(دنیا نیوز) وزیر اطلاعات آزاد کشمیر پیر مظہر سعید کا کہنا ہے سوشل میڈیا پر شاعر احمد فرہاد کو سلو پوائزنگ دینے والی خبریں جھوٹ پر مبنی ہیں۔

وزیر اطلاعات آزاد کشمیر پیر مظہر سعید کا کہنا تھا کہ احمد فرہاد کی مرضی کی جگہ سے دو بار ان کا چیک اپ کروایا جا چکا ہے، احمد فرہاد کی رپورٹ آ چکی وہ صحت مند ہیں، سوشل میڈیا پر احمد فرہاد کے حوالے سے جھوٹ پر مبنی خبریں پھیلائی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ احمد فرہاد کو زہر دیا گیا ہے ایسی بے بنیاد خبریں پھیلانا قانونا جرم ہے اور بغیر تصدیق خبر کو پھیلانا انتہائی نامناسب عمل ہے، مختصر عرصے میں احمد فرہاد کی فیملی سے چھ سے سات ملاقاتیں کروائی جا چکی ہیں،احمد فرہاد نے اپنی مرضی سے اپنا وکیل تبدیل کیا ہے۔

پیر مظہر سعید کا مزید کہنا تھا کہ احمد فرہاد کا معاملہ عدالت میں ہے، عدلیہ کا احترام سب پر لازم ہے، ریاست کا ہر باشندہ ریاست کی ذمہ داری ہے، انصاف کے تقاضوں کو ہر صورت پورا کیا جائے گا، شہری سوشل میڈیا کے منفی پروپیگنڈا سے بچیں۔