اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی اسمبلی کو وزارت تجارت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ گندم کے آٹے کی برآمد کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، اس حوالے سے خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران سحر کامران کے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر تجارت جام کمال نے کہا کہ گزشتہ سال یہ فیصلہ ہوا تھا کہ پرائیویٹ سیکٹر گندم درآمد کرے گا، ٹی سی پی گندم درآمد نہیں کرے گی، ٹی سی پی حکومت کی طرف سے ملنے والے مینڈیٹ کے تحت ہی گندم درآمد کر سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزارت تجارت نے ایسی کوئی منظوری نہیں دی کہ گندم کا آٹا بنا کر ایکسپورٹ کیا جائے، گندم کی دیگر پراڈکٹس ہو سکتی ہیں مگر آٹا ایکسپورٹ کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔
اس موقع پر آغا سید رفیع اللہ نے کہا کہ چینی کی درآمد برآمد کا فیصلہ شوگر ایڈوائزری بورڈ کرتا ہے، چینی کی درآمد کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔