لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل نے ویزہ جاری ہونے سے متعلق بھارتی میڈیا پر جاری خبر کو فیک نیوز قرار دے دیا۔
رپورٹس کے مطابق بھارت کی نیوز ایجنسی کی جانب سے خبر جاری کی گئی تھی کہ بھارتی وزارت داخلہ نے پاکستانی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو ٹی20 ورلڈ کپ کیلئے ویزے جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ خبر میں یہ بھی کہا گیا کہ بھارت کی وزارت داخلہ کی منظوری کے بعد بھارتی وزارت خارجہ 34 پاکستانی کھلاڑیوں اور آفیشلز کو ویزے جاری کرے گی۔‘
اس حوالے سے پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل (پی بی سی سی) نے رد عمل دیتے ہوئے بھارتی میڈیا پر ویزوں کے حوالے سے چلنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے انہیں حقائق کے منافی قرار دے دیا۔
واضح رہے بدھ کو بھارتی بورڈ کی پریس ریلیز کی صورت میں جھوٹی خبر بھارتی میڈیا میں جنگل کی آگ کی طرح پھیلی۔ ویزے جاری کرنے کی اس خبر سے عوام ، پاکستانی اور بھارتی صحافیوں میں بے چینی پیدا ہوئی۔‘
پی بی سی سی نے گذشتہ روز یہ واضح کیا تھا بھارتی وزارت خارجہ نے سیاسی بنیادوں پر پاکستانی ٹیم کو ویزے جاری نہیں کیے۔ پاکستانی ٹیم نے آج بھارتی ایمبیسی سے پاسپورٹ واپس لینے کی ای میل موصول ہونے کے بعد اپنے پاسپورٹ واپس لے لیے ہیں اور ان پر ویزہ نہیں ہے۔