اسلام آباد: ( دنیا نیوز ) وزارت خزانہ نے اقتصادی ایمرجنسی بارے سوشل میڈیا پر زیرگردش افواہوں کی تردید کرتے ہوئے انہیں جعلی قرار دے دیا۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ملک میں معاشی ایمرجنسی کی کوئی منصوبہ بندی نہیں ہورہی، افواہوں کا مقصد معاشی صورتحال بارے غیریقینی صورتحال پیدا کرنا ہے، اقتصادی ایمرجنسی کی افواہیں قومی مفادات کےخلاف ہے، ایسی افواہیں وہ عناصر پھیلا رہے ہیں جو پاکستان کو خوشحال نہیں دیکھنا چاہتے۔
اس حوالے سے وزارت خزانہ کی جانب سے مزید کہا گیا کہ پاکستان کی معاشی صورتحال کو سری لنکا کے ساتھ تشبیہ دینا غیرمناسب ہے، پاکستان کی معاشی صورتحال کوبہتر بنانے کیلئے حکومت بھرپور کوششیں کررہی ہے، حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ کئے گئے تمام وعدے پورے کرنے کیلئے پرعزم ہے، حکومت کفایت شعاری کے حوالے سے متعدد اقدامات اٹھا رہی ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق حکومت درآمدی بل کم کرنے کیلئے توانائی کی بچت کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ نواں جائزہ اجلاس اب ایڈوانس سٹیج پر ہے، مستقبل قریب میں غیر ملکی ادائیگیوں کے دباؤ میں کمی کا امکان ہے۔