گھانا کے فٹ بالر محمد قدوس بھی فیک نیوز کا شکار ہو گئے

Published On 25 November,2022 10:37 pm

ایکرا (ویب ڈیسک) انٹرنیٹ کے اس دور میں فیک نیوز کی بھرمار ہے اور آئے روز معروف شخصیات کے متعلق گمراہ کن معلومات گردش میں رہتی ہیں۔ اب گھانا کے ابھرتے ہوئے فٹ بالر محمد قدوس بھی فیک نیوز کا شکار ہو گئے ہیں۔

محمد قدوس سے منسوب کرکے گزشتہ دنوں ایک فیک نیوز پھیلائی گئی جس میں برازیل کے مایہ ناز فٹ بالر نیمار کے متعلق تحقیر آمیز الفاظ استعمال کیے گئے تھے۔

محمد قدوس سے منسوب یہ بیان دی گارڈین میں شائع ہوا جس میں کہا گیا تھا کہ نیمار مجھ سے بہتر فٹ بالر نہیں ہے۔ اس کی صرف پروفائل بڑی ہے۔ میں بھی جلد وہی کامیابیاں حاصل کر لوں گا جو نیمار کر چکا ہے۔

اس بیان کے متعلق محمد قدوس نے سوشل میڈیا پر دی گارڈین کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا ہے کہ آپ کا کیا ایجنڈا ہے جس کے لیے ایسی فیک نیوز شائع کر رہے ہیں۔ میری فیملی اور میرا کلچر مجھے بڑوں کی عزت کرنا سکھاتا ہے۔

محمد قدوس اپنی پوسٹ میں مزید لکھتے ہیں کہ نیمار ایک شاندار کھلاڑی ہے اور میں اس سے بہت متاثر ہوں اور اسی طرح آئندہ نسل کو متاثر کرنا چاہتا ہوں جس طرح نیمار جیسے کھلاڑیوں نے ہمیں کیا۔ میری توجہ کل پر مرکوز ہے۔ آپ ایسی فیک نیوز پر توجہ نہ دیں۔