وفاقی حکومت کا جعلی خبریں پھیلانے والوں کیخلاف کارروائی کا اعلان

Published On 26 June,2021 09:34 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) حکومتی ترجمان نے کہا ہے کہ ملک کو بدنام کرنے کے لیے جعلی خبریں پھیلانے والے بعض مخالفین یا سوشل میڈیا کارکنوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے سیاسی، سفارتی اور قانونی سمیت تمام تر وسائل فراہم کیے جائیں گے۔ جعلی خبریں پھیلانے والوں کیخلاف کارروائی کرینگے۔

سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق حکومتی ترجمان نے کہا ہے کہ یہ بات منظر عام پر آئی ہے کہ یورپی / مغربی ممالک میں بیٹھے کچھ سوشل میڈیا کارکن اور ناپسندیدہ عناصر جعلی خبریں پھیلارہے ہیں، حکومت پاکستان اور ریاستی اداروں کو بدنام کیا جا رہا ہے۔

حکومتی ترجمان کے مطابق یہ بھی دیکھا گیا ہے کہ کچھ لوگ بھارتی خفیہ ایجنسی را سے مالی اعانت لے کر کام کر رہے ہیں اور ان کے دشمن کی خفیہ ایجنسیوں کے ساتھ رابطے بھی ہیں۔ حکومت پاکستان نے اس پر سخت نوٹس لیا ہے۔