سوشل میڈیا پر ونڈ ٹربائن بلیڈز کے گرمی سے پگھلنے کے دعوے جھوٹ قرار

Published On 22 June,2021 12:25 pm

ٹیکساس: (ویب ڈیسک) امریکی ریاست ٹیکساس میں نصب ونڈ ٹربائن کے خراب ہونے کی تصویر ان دنوں سوشل میڈیا پر خوب گردش کر رہی ہے جس سے متعلق سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ اس کے بلیڈز علاقے میں پڑنے والی شدید گرمی کے سبب پگھل گئے حالانکہ اصل وجہ کچھ اور ہے۔

رپورٹ کے مطابق میٹا گورڈا کاونٹی میں ونڈ ٹربائن کے بلیڈز گرمی سے نہیں بلکہ علاقے میں چند روز بیشتر آنے والے تیز ہواؤں کے طوفان سے خراب ہوئے، یہ معلومات محکمہ موسمیات نے دیں۔ ونڈ فارمز کو چلانے والی کمپنی نے بھی تصدیق کی کہ ٹربائن بلیڈز طوفان سے متاثر ہوئے۔ افواہ پھیلنے کی ایک اور وجہ بھی تھی کہ کہ امریکہ کی شمال مغربی ریاستوں میں ہیٹ ویو کے سبب شہریوں کو متنبہ کیا گیا تھا کہ وہ جنریٹرز کا انتظام کریں یا بجلی کو دیگر طریقوں سے گھروں میں سٹور کر لیں ورنہ شدید گرمی کے سبب بجلی کے ترسیلی نظام میں تعطل آنے پر صارفین کو شدید پریشانی اٹھانا پڑ سکتی ہے۔

شہریوں نے ہیٹ ویو کے دوران جب ونڈ ٹربائن کے مڑے ہوئے بلیڈز دیکھے تو یہی خیال کیا کہ شدید گرمی کے سبب ایسا ہوا، حالانکہ ایسا 14 جون کو میٹا گورڈا کاونٹی میں آنے والے طوفان نے ونڈ ٹربائن کا حلیہ بگاڑا تھا۔

 

اس حوالے سے ونڈ ٹربائن کی دیکھ بھال کی ذمہ دار آر ڈبلیو ای نامی کمپنی نے مقامی میڈیا کو باقاعدہ ای میل کے ذریعے مطلع کیا کہ گذشتہ ہفتے آنیوالا طوفان ونڈ ٹربائن کو ہونے والے نقصان کا سبب ہے، کمپنی کے مطابق ونڈ فارم میں نصب صرف ایک ٹربائن خراب ہوا ہے دیگر درست حالت میں کام کر رہے ہیں۔