کینبرا: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا نے چینی حکومت کے ترجمان کی جانب سے آسٹریلوی فوج سے متعلق جعلی اور متنازع تصویر پوسٹ کرنے پر اسے ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق آسٹریلیا کے وزیر اعظم سکاٹ موریسن نے چینی حکومت کے ترجمان ژاو لیجیان کے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر پوسٹ کی جانے والی تصویر کو ہٹانے کا مطالبہ کیا جس میں ایک مسکراتے ہوئے آسٹریلوی فوجی کو ایک خون آلود چاقو افغان بچے کے گلے پر رکھتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ آسٹریلیا نے اس تصویر کو جعلی اور’انتہائی بدنما‘ قرار دیا ہے۔
آسٹریلوی وزیراعظم نے مطالبہ کیا کہ چینی حکومت اپنے عمل پر معافی مانگے اور ٹوئٹر سے ٹویٹ کو ہٹا دے۔
خیال رہے کہ چینی حکومت کے ترجمان نے تصویر کو فیڈ کے اوپری حصے میں پِن کیا تھی۔
Shocked by murder of Afghan civilians & prisoners by Australian soldiers. We strongly condemn such acts, &call for holding them accountable. pic.twitter.com/GYOaucoL5D
— Lijian Zhao 赵立坚 (@zlj517) November 30, 2020
سکاٹ موریسن نے کہا کہ یہ سراسر اشتعال انگیزی ہے اور اس عمل کے حق میں کوئی جواز نہیں بنایا جاسکتا۔ چینی حکومت کو اس حرکت پر شرمندہ ہونا چاہیے اوریہ عمل دنیا میں ان کی ساکھ کو گرا دے گا۔
یہ بھی پڑھیں: سوشل میڈیا پر کراچی میں برفباری کی تصویر جعلی قرار
آسٹریلوی وزیراعظم نے کہا کہ دنیا بھر کے ممالک دیکھ رہے ہیں کہ چین کے آسٹریلیا کے ساتھ تعلقات میں تناؤ پر بیجنگ کس طرح ردعمل ظاہر کر رہا ہے۔
اے ایف پی کے مطابق آسٹریلیا اور چین کے مابین حالیہ مہینوں میں تعلقات بہت تیزی سے خراب ہوئے ہیں۔
چین نے آسٹریلیا کے سامان پر اقتصادی پابندیوں کا ایک سلسلہ شروع کیا جبکہ چین کے سرکاری میڈیا نے متعدد معاملات پر آسٹریلیا کی پالیسی پر کھل کر تنقید کی ہے۔
آسٹریلیا اور چین کے درمیان تعلقات میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں چینی حکومت کے ملوث ہونے کی تحقیقات کے مطالبے کے بعد تلخی پیدا ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ رواں برس اپریل میں آسٹریلیا نے کورونا وائرس پر چین کی مخالفت کے باوجود تحقیقات جاری رکھنے کے عزم کے ساتھ ہی چین کو ’معاشی جبر‘ سے متعلق خبردار کردیا تھا۔
آسٹریلیا میں چینی سفارتکار چینگ جنگ یے نے اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ چینی عوام آسٹریلوی مصنوعات اور یونیورسٹیز کو نظر انداز کرسکتے ہیں۔
خیال رہے کہ چند روز قبل افغانستان میں تعینات آسٹریلیا کی فورسز کی چار سالہ تفتیشی رپورٹ میں انکشاف ہوا تھا کہ سینیئر کمانڈرز کے جبری احکامات پر جونیئر سپاہیوں نے 39 غیر مسلح قیدی اور افغان شہریوں کو قتل کیا۔
یہ بھی پڑھیں: افغانستان میں بھیانک جنگی جرائم پر آسٹریلیا معافی مانگے: چین
آسٹریلیا نے کہا تھا کہ 19 موجودہ اور سابق سپاہیوں کو ممکنہ طور پر افغانستان میں 39 مقامی افراد کی مبینہ ہلاکت پر کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
آسٹریلیا کے جنرل جان کیمبل نے 2005 سے 2016 تک اسپیشل فورسز کی افغانستان میں موجودگی کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا تھا کہ افغانستان میں آسٹریلیا کے اسپیشل فورسز کے 25 جوانوں کی جانب سے 23 مختلف واقعات میں 39 مقامی افراد کو ہلاک کرنے کی قابل اعتبار معلومات ہیں۔