نیو یارک: (ویب ڈیسک) جعلی خبروں کو پھیلنے سے روکنے کے لیے واٹس ایپ کے بعد اب فیس بک نے میسنجر میں فارورڈ میسجز کی تعداد محدود کر دی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس کا اعلان رواں سال مارچ میں کیا گیا تھا اور اب اس پر عملدرآمد شروع کردیا گیا ہے۔
سوشل میڈیا کی مشہور ویب سائٹ فیس بک نے بتایا ہے کہ اب ایک میسج کو ایک وقت میں وقت میں 5 افراد یا گروپس کو ہی فارورڈ کیا جاسکے گا۔
یہ بھی پڑھیں: جعلی خبروں کیخلاف فیس بک کا بڑی مہم شروع کرنے کا اعلان
کمپنی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اس پابندی سے نقصان دہ مواد اور گمراہ کن وائرل معلومات کے پھیلاؤ کو سست کرنے میں مدد ملے گی۔
ایک بلاگ پوسٹ میں فیس بک کا کہنا تھا کہ ہم میسنجر میں میسج فارورڈ کی حد متعارف کرا رہے ہیں تاکہ نقصان دہ مواد کو پھیلنے سے روکا جاسکے۔
اس طرح کا فیچر واٹس ایپ میں رواں سال اپریل میں پیش کیا گیا تھا جس کے تحت صارف ایک میسج کو 5 سے زیادہ بار فارورڈ نہیں کرسکتے۔
یہ بھی پڑھیں:جعلی خبروں کیخلاف ایکشن: فیس بک نے لاکھوں پوسٹیں ڈیلیٹ کر دیں
فیس بک کے کچھ عرصے قبل بتایا تھا کہ واٹس ایپ میں میسجز کی تعداد محدود کیے جانے پر دنیا بھر میں فارورڈ میسجز کی شرح میں 70 فیصد کمی دیکھنے میں آئی۔
کمپنی کے مطابق میسنجر میں یہ نئی تبدیلی اس وقت انتہائی اہمیت رکھتی ہے کیونکہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وبا جاری ہے، جبکہ امریکا، نیوزی لینڈ اور دیگر ممالک میں انتخابات کا انعقاد بھی ہونے والا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: فیس بک پر جعلی خبروں کا تدارک کرنے کے لیے دو ٹولز مفید قرار
حال ہی میں کمپنی نے بتایا تھا کہ اس نے اپنے پلیٹ فارم سے 70 لاکھ ایسی پوسٹس ڈیلیٹ کیں جو کووڈ 19 کے حوالے سے گمراہ کن تفصیلات پر مبنی تھیں۔